نئی دہلی،10اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے تمل ناڈو کے آر کے نگر ضمنی انتخابات میں دولت کی طاقت کے استعمال کی وجہ سے ضمنی انتخابات منسوخ کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے آج کہا کہ کالے دھن کے خلاف جنگ کو صرف ایک قدم کے ذریعے نہیں جیتا جا سکتا اور مودی حکومت اس سمت میں اور بھی قدم اٹھائے گی۔دولت قوت کے استعمال کے الزامات کے درمیان الیکشن کمیشن کے اس قدم کو صحیح فیصلہ قرار دیتے ہوئے نائیڈو نے کانگریس پر اپنے دور حکومت میں ہزاروں کروڑ روپے کے مبینہ مختلف گھوٹالوں کے ذریعے کالا دھن جمع کرنے پر حملہ بولا۔نائیڈو نے ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر اپوزیشن پارٹیوں پر بھی حملہ بولا اور کہا کہ انہیں ایسے مسائل اٹھانے کے بجائے خود احتسابی کرنی چاہئے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ عوام کی طرف سے مسترد کئے جانے کے بعد وہ ہار قبول نہیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے کالے دھن کے خلاف جنگ شروع کی ہے، کالے دھن کے خلاف جنگ کسی ایک قدم سے پوری نہیں ہو سکتی۔ نوٹ بندی اور نئی کرنسی کو چلن میں لانے کو درست سمت میں بڑھا یا گیا ایک قدم بتایا۔ کالے دھن کے استعمال پر قابو پانے کے لئے ہماری حکومت کی طرف سے کئی اور بھی چیزیں کئے جانے کی ضرورت ہے۔ آر کے نگر ضمنی انتخاب کے بارے میں وزیر نے کہا کہ وسیع تحقیقات کے بعد یہ الیکشن کمیشن کی جانب سے لیا گیا مناسب فیصلہ ہے ۔